اللہ تعالیٰ نے ، ایک بار پھر، حضرت مسیحِ موعود ؑ کو دی گئی بشارتوں کے مطابق ، جماعت احمدیہ عالمگیر کی سچائی اور اِس جماعت سے اپنی محبت کا اظہار ، خلافتِ خامسہ کی صورت میں ، اپنی فعلی شہادت سےدیا ۔ الحمدللہ علیٰ ذالک! بلا شبہ ، جب احباب ِجماعت، خلیفۃالمسیح الرابعؒ کی وفات پر انتہائی غم اور دُکھ کی کیفیت میں سے گزرتے ہوئے، اپنے مولا کے حضور مسلسل دعاوں میں بھی مصروف تھے۔کیونکہ ہمارا ایمان ہے کہ خلیفہ خدا بناتا ہے۔ اب اس بات کا ثبوت ملاحضہ کیجئے! انتخاب ِخلافت کمیٹی کے وہ نیک وبزرگ اراکین ، جوساری دنیا سے ، مسجد فضل لندن میں جمع تھے اور چند لمحوں بعد، تصرف ِالہیٰ کے تحت آپکا انتخاب کرنےوالے تھے، آپکا نام پیش ہونے پر بولے کہ موصوف اگرکھڑے ہو جائیں تا معلوم تو ہو کہ مرزا مسرور احمد صاحب ہیں کون؟
بعداز انتخاب ، آپکی خلافت کا اعلان مورخہ 22 اپریل 2003 ء بوقت 11 بج کر 40 منٹ پر ہوا تو جماعت احمدیہ عالمگیر ، ایک بار پھر، اپنے پیارے اور حقیقی مددگار، اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے حضور بطور شکرانہ گِر گئی ، کہ جس نے اس جماعت کو ، ایک بار پھر خلافتِ حقہ کی نعمت ِغیر مترقبہ سے نوازا تھا۔
خلافت کے منصب پر قائم ہونے سے قبل ، بطور ناظراعلی ٰ و امیر مقامی ، ربوہ ، خاکسار کو آپ سے اکثر مصافحہ ومعانقہ کا شرف، بطور قائد علاقہ گوجرانوالہ ملتا رہا تھا۔ جماعتی مجلس شوریٰ، پاکستان کے موقع پر، آپکی موجودگی میں، سب کمیٹی کی تجاویز پر اپنی عاجزانہ رائے دینے کا بھی اتفاق ہوا۔ لیکن خلافت کے منصب پر آنے کے بعد ، اللہ تعالیٰ نے آپکو غیر معمولی عزت اور برکات سے نوازا ہے۔ آپ کے ہرکام میں اللہ تعالیٰ کی خاص تائیدو نصرت ظاہر و باہر ہے اورآئندہ بھی رہے گی، انشاء اللہ تعالیٰ العزیز۔
ہماری یہ انتہائی خوش قسمتی اور خوش نصیبی ہے کہ گزشتہ 17سالوں سےہمارے قیام ِانگلستان کے دوران خاکسار کی مع فیملی ، 18 جبکہ مجلس انصاراللہ کے پلیٹ فارم اور دیگر کئی مواقع پرحضور سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ ہر ملاقات دوسری سے بڑھکر، ازیادِایمان ، خلافت سے محبت اور پہلے سے بڑھکراطاعت و یقین میں اضافے کا باعث بنتی ہے، الحمدللہ !
علا وہ ازیں، لندن میں نماز ِجمعہ، مجالسِ شوریٰ ، مرکزی اجتماعات اورسالانہ جلسوں میں حضور انور کے دیدار، آپکی اقتداء میں نمازیں ادا کرنے اور آپکے ارشادات و خطابات ، براہ راست سننے کو توفیق بھی حاصل ہوتی ہے۔
اللہ تعالیٰ حضور ِانور کا بابرکت سایہ تا دیر ہمارے سروں پر سلامت رکھے اور اسلام احمدیت کے غلبہ کے ِدن جلد ،حضور اقدس کو دکھائے، آمین۔